نئی دہلی، 7 / دسمبر(ایس او نیوز/ آئی این ایس انڈیا) لوک سبھامیں آج اپوزیشن نے مطالبہ کیاکہ13/دسمبر منگل کو میلاد النبی ﷺ کے موقع پر اعلان کردہ چھٹی سے پہلے12/دسمبر کو بھی ایوان کی چھٹی کا اعلان کیا جائے تاکہ اراکین کو ہفتہ، اتوار سمیت چار دنوں کی چھٹی مل جائے اورعید میلادالنبی اچھے طریقہ سے منایا جا سکے۔دوپہر 12/بجے ایوان کا اجلاس شروع ہونے پر ترنمول کانگریس کے سدیپ بندوپادھیائے نے صدر سمترا مہاجن کے سامنے یہ مطالبہ اٹھایا کہ 13/دسمبر کو چھٹی ہے اور اس سے پہلے 12/دسمبر کو بھی عیدمیلادالنبی کی چھٹی کا اعلان کیا جائے۔ایوان میں کانگریس کے لیڈر ملکاارجن کھڑگے نے بھی اس مطالبے کی حمایت کی۔اس پر اسپیکر سمترا مہاجن نے کہاکہ ہم دیکھیں گے۔ پارلیمانی امور کے وزیر اننت کمار نے اس مسئلہ پر کہا کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے تئیں ہم سب احترام کا جذبہ رکھتے ہیں اور ان کی میلاد پر13/دسمبر کو چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے اور 12/دسمبر، پیر کو ہفتے کا دن ہے۔انہوں نے کہا کہ 12/دسمبر کو چھٹی کے سلسلے میں تجویز پر بی اے سی کی میٹنگ میں بحث کی جا سکتی ہے۔ اننت کمار نے یہ بھی کہا کہ 16/نومبر کو پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس شروع ہونے کے بعد سے ہی اپوزیشن نوٹ بند ی پر بحث کا مطالبہ کر رہا ہے، انہوں نے کہا کہ اس موضوع پر بحث شروع کی جانی چاہیے۔